15 جون 2009 - 19:30

امریکا پشاور میں بھی قونصلیٹ میں توسیع چاہتا ہے۔

سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہاہے کہ امریکا نے اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے کو بڑھانے کے لئے ساڑھے اٹھارہ ایکڑاراضی زمین کے لئے رابطہ کیاہے جبکہ چین نے بھی زمین کے حصول کے لئے درخواست دے رکھی ہے تاہم دونوں ممالک کوزمین دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے بلیک واٹرز کی تحقیقات کے لئے جاویدہاشمی کی سربراہی میں ہونے والی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایاکہ امریکاپشاورمیں بھی قونصلیٹ میں توسیع چاہتاہے۔ ان کاکہناتھاکہ اسلام آباد میں امریکیوں کی جانب سے دوسوپچاس مکان کرائے پرلینے کے بارے میں دفترخارجہ کوکوئی علم نہیں اورانہوں نے اس سلسلے میں اجازت بھی حاصل نہیں کی ۔ سیکرٹری خارجہ نے بتایاکہ پاکستان میں امریکاکااڑھائی سوسفارتی جبکہ دوسوسفارتی عملہ موجودہے۔ اس کے علاوہ ایساعملہ بھی موجودہے جوآتاجاتارہتاہے لیکن اس کادفترخارجہ کوعلم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ دفترخارجہ کوامریکی سفارتخانے کی توسیع پرتشویش نہیں لیکن طریقہ کاردرست ہوناچاہئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ محمد عاصم راجا نے اجلاس کوبتایا کہ بلیک واٹر پاکستان میں موجود نہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی ایجنسی انٹررسک کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس کو امریکی ایجنسی ڈائین کوپ نے کنٹریکٹ دے رکھاتھاجو1991سے پاکستان میں کام کر رہی ہے، 1995 میں اس کمپنی کو بندجبکہ1996 میں بحال کردیاگیا، اب پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے لوگوں سے رابطے رکھنے پراس کااین اوسی منسوخ کردیاگیاہے۔ قائم مقام سیکرٹری دفاع حیدر علی خان نے بتایاکہ ڈرون کے مختلف ماڈلز تیار کئے گئے ہیں جبکہ کچھ کو ٹیسٹ کیاجارہاہے۔